کاروار،26؍مئی (ایس او نیوز) گزشتہ مانسون میں بھاری برسات کے دوران مختلف مقامات پر زمین کھسکنے کے واقعات کی وجہ سے عوام کو جو دشواریاں پیش آئی تھیں ، کچھ ایسی ہی صورت حال امسال کے مانسون میں بھی پیش آنے کے امکانات جتائے جا رہے ہیں۔
ضلع ڈپٹی کمشنر مولئی موہیلن کا کہنا ہے کہ جیولوجیکل سروے آف انڈیا نے ضلع کے مختلف مقامات کا سروے کیا ہے جس کے بعد امسال بھاری برسات ہونے پر ضلع کے پانچ مقامات پر زمین کھسکنے کے امکانات ظاہر کیے ہیں ۔ جس میں یلاپور انکولہ نیشنل ہائی وے کا ارے بیل گھاٹ ، انشی گھاٹ، سرسی تعلقہ میں بالے کائی منے کا جاجی پہاڑ ، سداپور تعلقہ ویویکانند نگر کے کانسور علاقہ اور یلاپور کے کالچے کا علاقہ شامل ہے۔
جیولوجیکل سروے آف انڈیا کی اس رپورٹ سے عوام کے اندر فکر اور تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور امکانی طور پر درپیش نقصانات کا خوف طاری ہوگیا ہے۔
خیال رہے کہ ضلع شمالی کینرا میں گزشتہ تین سال سے مسلسل بھاری برسات ، سیلاب اور زمین کھسکنے کے معاملات پیش آتے رہے ہیں ۔ گزشتہ سال برسات میں ارے بیل، انشی ، کوڈسلّی وغیرہ میں عوام کو مانسون کی آفتوں کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔ جیولوجیکل سروے آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق امسال بھی یہی خطرہ ضلع کے مختلف مقامات پر منڈلا رہا ہے۔